تاثیر 12 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران ،12فروری :امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازعہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔مذاکرات کی کوششوں کے درمیان ایران نے واضح موقف کا اظہا ر کرتے ہوئے کسی بھی طرح کے میزائل پروگرام پر سمجھوتے سے انکار کر دیا ہے ۔ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، چاہے امریکہ کے ساتھ مذاکرات ہوں یا دباؤ بڑھایا جائے۔
میڈیارپورٹوں کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر، علی شمخانی نے اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ ایران کی میزائل صلاحیتیں ناقابلِ مذاکرات ہیں، ایران صرف جوہری پروگرام پر بات کرنے کو تیار ہے، دفاعی صلاحیتوں پر نہیں۔
ایران کی جانب سے یہ مؤقف عمان میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ بالواسطہ مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ مذاکرات میں ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں اس کے اتحادیوں پر بھی بات ہو جبکہ ایران اس مطالبے کو مسترد کر رہا ہے۔

