تاثیر 25 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ،(فضاامام): للت نارائن متھلا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجے کمار چودھری کے حکم سے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (پی آر او) کی ذمہ داری سنبھالنے والے ڈاکٹر آر۔این۔ چورسیا کو شعبۂ انگریزی (پوسٹ گریجویٹ) کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر فیکلٹی آف ہیومینیٹیز کی ڈین پروفیسر منجو رائے نے پگ اور چادر اوڑھا کر ان کا استقبال کیا۔پروفیسر منجو رائے نے کہا کہ وائس چانسلر کی جانب سے ڈاکٹر چورسیا کو دوبارہ پی آر او کی ذمہ داری سونپنا یونیورسٹی کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر چورسیا پہلے بھی اپنی صلاحیت اور حسنِ کارکردگی کے ساتھ ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور دوسری میعاد میں مزید بہتر انداز میں یونیورسٹی کی ساکھ کو مضبوط کریں گے۔شعبۂ انگریزی کی ہیڈ پروفیسر پونیتا جھا نے کہا کہ ڈاکٹر چورسیا طلبہ و طالبات کے درمیان کافی مقبول ہیں اور جو بھی ذمہ داری انہیں دی جاتی ہے، اسے پوری لگن اور مستعدی کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔ شعبۂ انگریزی کے سابق استاد ڈاکٹر امریندر شرما نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدے کے لیے ڈاکٹر چورسیا سب سے موزوں شخصیت ہیں۔ انہیں اس شعبے میں طویل تجربہ حاصل ہے اور وہ سماج سے گہرا ربط رکھتے ہیں۔نئے پی آر او ڈاکٹر آر۔این۔ چورسیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وائس چانسلر نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں یہ ذمہ داری دی ہے، وہ اسے پوری دیانت اور اہلیت کے ساتھ نبھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کے ساتھ بہتر تال میل قائم کر کے یونیورسٹی کی تمام سرگرمیوں، منصوبوں اور کامیابیوں کو عوام تک پہنچائیں گے، تاکہ یونیورسٹی اور سماج کے درمیان مضبوط رابطہ قائم ہو سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر شانوی، ڈاکٹر تنیمہ، ڈاکٹر آریکا پال، روی آریان، دیپک کمار، آشیش، امیت کمار جھا، انجلی کماری، شویتا سنگھ اور گڑیا کماری سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ موجود تھے اور سب نے ڈاکٹر چورسیا کو مبارکباد پیش کی۔

