ویسٹرن ریلوے کی بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم، 172.55 کروڑ روپے وصول

تاثیر 6 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 6 فروری :ویسٹرن ریلوے نے بغیر ٹکٹ اور بے قاعدہ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف سخت ٹکٹ جانچ مہم چلا کر اپریل 2025 سے جنوری 2026 کے درمیان 172.55 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا ہے۔ اس مہم کے دوران ممبئی کی مضافاتی لوکل، لمبی دوری کی میل ایکسپریس، پیسنجر اور ہالیڈے اسپیشل ٹرینوں میں مجموعی طور پر 27 لاکھ سے زیادہ خلاف ورزیوں کے معاملات درج کیے گئے۔
ریلوے کے مطابق صرف جنوری 2026 میں ہی بغیر ٹکٹ اور بے قاعدہ سفر کے 2.82 لاکھ معاملات سامنے آئے، جن سے 17 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جرمانے کے طور پر وصول کی گئی۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے تقریباً 31 فی صد زیادہ ہیں۔
چیف پبلک ریلیشنز آفیسر وِنیت ابھیشیک کے مطابق، ممبئی مضافاتی سیکشن میں ٹکٹ جانچ مہم کے دوران نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جنوری 2026 میں اس سیکشن میں 1.02 لاکھ بے قاعدہ سفر کے معاملات درج کیے گئے، جن سے 4.34 کروڑ روپے کی وصولی ہوئی۔