عالمی یومِ خواتین پر بے سہارا بزرگوں کے لیے مفت رہائش گاہ “ تمار ٹھکانہ” کا افتتاح

تاثیر 08 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 08/ مارچ (تاثیر بیورو) عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک انسان دوست اقدام کے تحت گوری فاؤنڈیشن کی جانب سے بے سہارا بزرگ افراد کے لیے مکمل طور پر مفت شیلٹر ہوم “تمار ٹھکانہ” کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر گڈ ایس اسپتال کی شریک بانی سوما چکرورتی نے اس رہائش گاہ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں کرشنا نگر ویمنس کالج کی پرنسپل اور مغربی بنگال کی پہلی ٹرانس جینڈر پرنسپل ڈاکٹر مانبی بندو پادھیائے، بدھان نگر میونسپل کارپوریشن کے ممبر میئر اِن کونسل دیب راج چکرورتی اور معروف فیشن ڈیزائنر سنتانو گوہا ٹھاکرتا سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
“تمار ٹھکانہ” ایک 12 بستروں پر مشتمل بزرگوں کی نگہداشت کا مرکز ہے جہاں ایسے بزرگوں کو پناہ دی جائے گی جن کے پاس نہ خاندان ہے اور نہ ہی کوئی سہارا۔ اس ادارے میں کسی قسم کی فیس یا عوامی درخواست قبول نہیں کی جائے گی بلکہ فاؤنڈیشن خود ایسے بے سہارا بزرگوں کی نشاندہی کر کے انہیں یہاں رہائش فراہم کرے گی۔
گڈ ایس اسپتال کی جانب سے یہاں رہنے والے بزرگوں کو باقاعدہ طبی سہولیات، صحت کی نگرانی اور روزمرہ دیکھ بھال بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔
اس موقع پر سوما چکرورتی نے کہا کہ “تمار ٹھکانہ” صرف ایک پناہ گاہ نہیں بلکہ ان لوگوں کو عزت اور اپنائیت لوٹانے کی ایک کوشش ہے جنہیں سماج بھلا چکا ہے۔ اگر چند بے سہارا بزرگوں کو بھی یہاں سکون اور اپنا گھر مل جائے تو یہی اس اقدام کی کامیابی ہوگی۔”