ٹیکسٹائل فیکٹری میں سلج ٹینک کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے 3 مزدوروں کی موت

تاثیر 13 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

باڑمیر، 13 مارچ: بالوترا کے صنعتی علاقے میں ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں جمعہ کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ فیکٹری کے سلج ٹینک کی صفائی کرنے والے تین مزدوروں کی زہریلی گیس سے موت ہو گئی۔ واقعے سے فیکٹری کے احاطے اور اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق بالوترا کے رہنے والے گمنا رام (25)، وشمبھر تیواری (54) اور شراون (32) دوپہر کے وقت لال جی والا ملز نامی ٹیکسٹائل فیکٹری میں کیچڑ کی ٹینک صاف کرنے گئے تھے۔ ٹینک میں موجود زہریلی گیس کے باعث تینوں مزدور بے ہوش ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فیکٹری میں موجود دیگر مزدوروں نے فیکٹری مالک کو اطلاع دی اور تینوں کو ٹینک سے باہر نکالا۔ اس کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے سرکاری ناہٹا اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد انہیں مردہ قرارد یدیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متوفی کے لواحقین اسپتال پہنچ گئے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال کے باہر سڑک کو دونوں اطراف سے گاڑیاں کھڑی کرکے بلاک کردیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچے ایس ڈی ایم اشوک کمار نے بتایا کہ فیکٹری کی جگہ کا معائنہ کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مزدوروں کی موت زہریلی گیس کے باعث ہوئی۔