ایمز جموں نے اپنی نوعیت کے دو کامیاب آپریشن انجام دئیے

تاثیر 19 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 19 مارچ :کینسر کے علاج کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) جموں نے کامیابی کے ساتھ دو جدید ہائپر تھرمک انٹرا پیریٹونیل کیموتھراپی طریقۂ علاج انجام دے دیے ہیں، جس کے بعد یہ خطے کا واحد سرکاری مرکز بن گیا ہے جہاں یہ خصوصی سہولت دستیاب ہے۔

ادارے کے مطابق ڈوڈہ اور مٹھی سے تعلق رکھنے والے دونوں مریضوں کو کامیاب علاج کے بعد اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے اور انہوں نے مزید نظامی علاج شروع کر دیا ہے۔ اس کامیابی کو سرکاری صحت نظام میں پیچیدہ کینسر علاج کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ سرجریز شعبہ سرجیکل آنکولوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر پرس کھنہ کی قیادت میں انجام دی گئیں، جبکہ ڈاکٹر رکشا کنڈل اور ان کی ٹیم نے آپریشن کے دوران اہم تعاون فراہم کیا۔

ڈاکٹر پرس کھنہ نے بتایا کہ ایچ آئی پی ای سی ایک جدید طریقۂ علاج ہے جو پیٹ کے اندر پھیلنے والے مخصوص کینسرز جیسے بیضہ دانی، بڑی آنت، معدہ اور اپینڈکس کے کینسر میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طریقۂ کار میں پہلے سرجری کے ذریعے نظر آنے والے رسولیوں کو نکالا جاتا ہے، جس کے بعد گرم کیموتھراپی دوا کو پیٹ میں گردش کروا کر اس کی تاثیر بڑھائی جاتی ہے، جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر مضر اثرات کم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے آپریشنز انتہائی پیچیدہ ہوتے ہیں اور ان کے لیے سرجری، اینستھیزیا، کریٹیکل کیئر اور نرسنگ ٹیموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی ضروری ہوتی ہے۔ کامیاب نتائج ادارے کی بڑھتی ہوئی کثیر الشعبہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔