تاثیر 05 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 5 مارچ:مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) نے ڈیوٹی کے دوران شراب نوشی پر قابو پانے اور بس خدمات کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اقدامات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئے ضوابط کے مطابق اب ڈیوٹی پر آنے والے تمام ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کی الکوٹیسٹ مشین کے ذریعے جانچ لازمی ہوگی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی مہا منڈل کے صدر پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 25 جنوری کو ممبئی کے پرل بس اسٹینڈ کے اچانک معائنے کے دوران ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کے آرام گاہوں میں شراب کی بوتلیں پائی گئیں اور بعض ملازمین نشے کی حالت میں بھی نظر آئے۔ اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا گیا اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایات دی گئیں۔
اس معاملے کی جانچ کے لیے تین افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے اپنی رپورٹ میں متعلقہ افسران کی ذمہ داری طے کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کئی اقدامات تجویز کیے۔ کمیٹی کی رپورٹ وزیر پرتاپ سرنائیک کو پیش کی گئی جس کے بعد قصوروار افسران کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور تمام ڈپوؤں میں نئے ضوابط نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

