تاثیر 30 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گوہاٹی، 29 مارچ : بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آسام کے دورے کے دوران ہفتہ کی رات ریاستی بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ایک اہم میٹنگ کی، جہاں آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ آسام اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اتحاد کے امیدواروں کے حق میں مہم کو تیز کرنے کے مقصد سے ریاست میں پہنچے ہیں۔ اپنی آمد کے فوراً بعد انہوں نے سنٹرل گوہاٹی اسمبلی حلقہ میں انتخابی مہم چلائی۔
اسکے علاوہ انہوں نے آریہ ودیا پیٹھ کالج سے نیپالی مندر تک نکالی گئی ایک ریلی میں شرکت کی، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے بعد، شاہ نے ریاستی بی جے پی دفتر میں منعقدہ اہم میٹنگ میں حصہ لیا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمنتا بسوا سرما، ریاستی بی جے پی صدر دلیپ سائکیا، قومی نائب صدر اور الیکشن انچارج بائی جینت ‘جے’ پانڈا، شریک انچارج درشنا جاردوش، ریاستی انچارج ہریش دویدی، اور الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے کنوینر اور ایم پی پردان بروہا کے علاوہ دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران انتخابی مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ انتخابات میں بی جے پی اتحاد کی شاندار جیت کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

