جموں میں فاروق عبداللہ پر حملہ کرنے کی کوشش ناکام، حملہ آور گرفتار

تاثیر 12 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 12 مارچ :۔ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر گزشتہ رات جموں کے مضافاتی علاقے گریٹر کیلاش میں واقع رائل پارک میں ایک شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کر کے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم سیکورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔اطلاعات کے مطابق حملہ آور کی شناخت کمل سنگھ جموال ولد اجیت سنگھ جموال ساکن پرانی منڈی جموں کے طور پر ہوئی ہے۔ اس نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش نہیں کی۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔

واقعہ کے وقت ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی موجود تھے۔ تینوں ایک پارٹی لیڈر ڈی ایس چوہان کے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق جب ڈاکٹر فاروق عبداللہ تقریب سے واپس جا رہے تھے تو حملہ آور نے قریب آ کر اپنے ریوالور سے فائر کیا، تاہم سیکورٹی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو میں کر لیا اور ہتھیار چھین کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق ملزم نے 32 بور کا لائسنس یافتہ ریوالور استعمال کیا جس سے ایک گولی چلائی گئی۔ ہتھیار ضبط کر لیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔