تاثیر 06 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہوڑہ، 06/ مارچ (تاثیر بیورو) ہوڑہ سٹی پولیس نے پیل خانہ قتل کیس میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے واردات کے دو اہم ملزموں کو دہلی سے گرفتار کرلیا ہے۔ یہ معاملہ گولا باڑی پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 59/26 مورخہ 25 فروری 2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) اور آرمس ایکٹ کی متعلقہ دفعات میں درج کیا گیا تھا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 25 فروری 2026 کی علی الصبح پیل خانہ سیکنڈ لین، جو گولا باڑی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ہے، میں فائرنگ کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعے میں مسلح حملہ آوروں نے شفیق خان کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ یہ پورا واقعہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی قید ہوگیا تھا جس کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی۔
واقعہ کے فوراً بعد ہوڑہ سٹی پولیس کے کمشنر کی ہدایت پر خفیہ پولیس ڈپارٹمنٹ اور گولا باڑی پولیس اسٹیشن کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے معاملے کی تیز رفتار اور جامع تفتیش شروع کردی۔
تحقیقات کے دوران ملزموں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات بند کر دیے تھے، تاہم پولیس ٹیم نے وسیع پیمانے پر سی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیہ، خفیہ ذرائع سے حاصل معلومات اور مسلسل نگرانی کے ذریعے ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
جانچ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے پہلے کولکاتا کے مٹیا برج علاقے میں چھپے رہے اور بعد ازاں بہار اور اتر پردیش ہوتے ہوئے دہلی پہنچ گئے تھے، جہاں انہیں بعض ساتھیوں کی مدد حاصل تھی۔ اس کے باوجود پولیس ٹیم نے مسلسل پیچھا کرتے ہوئے ان کے راستوں اور ٹھکانوں کی نشاندہی کرلی۔
مصدقہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ہوڑہ سٹی پولیس کے خفیہ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے آج دہلی کے جامع مسجد علاقے سے اس کیس کے دو اہم ملزمان ہارون خان اور رفاقت حسین عرف روہت کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزموں کو قانونی کارروائی کے لیے ہوڑہ لایا جائے گا جہاں مزید تفتیش کی جائے گی۔
ہوڑہ سٹی پولیس نے واضح کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور مجرم کتنی ہی کوشش کیوں نہ کریں، قانون کے شکنجے سے زیادہ دیر تک بچ نہیں سکتے۔

