اکوڑھی گولہ باگھا کھوہ گاؤں کے ایک کنویں سے دلہن جوڑے میں ملبوس ایک خاتون کی ملی لاش

تاثیر 16 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

             سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام ​​کے قریب اکوڑھی گولہ بلاک کے باگھا کھوہ گاؤں کے قریب ایک کنویں سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے جو دلہن لباس میں ملبوس تھی، اتوار کی شب متذکرہ معاملہ ہوا، جبکہ جائے وقوعہ سے تقریباً 400 میٹر کے فاصلے سے اس کی ٹوٹی ہوئی چوڑیاں اور منگل ستر ملا ہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی پولس نے لاش کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے صدر اسپتال سہسرام ​​بھیج دیا ۔ پولس فی الحال معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ پہلی نظر میں خاتون پر قتل کا شبہ ہے، پولس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی عمر تقریباً 24 سال ہے، جو دلہن کے لباس اور زیورات سے ملبوس تھی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے شادی کے بعد قتل کیا گیا ہے یا کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی گئی ہے ۔ تادم تحریر خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی تھی ۔ پولس اسکی شناخت کیلئے کام کر رہی ہے ۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈاگ اسکواڈ کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا ہے اور سراغ حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے بھی حقیقت واضح ہو جائیگی ۔