مانجھر کنڈ پہاڑی پر جزوی جلی اور درخت سے لٹکی ملی ایک نوجوان کی لاش،قتل کا ہے شبہ

تاثیر 28 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

           سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کے دریگاؤں تھانہ علاقہ میں مانجھر کنڈ پہاڑی پر آج صبح ایک نامعلوم نوجوان کی ادھجلی لاش ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی ۔ مقامی لوگوں کی اطلاع کے بعد پولس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کر دی ۔ شبہ ہے کہ نوجوان کی موت گلا دبانے کے بعد ہوئی اور اسکی لاش درخت سے لٹکی ہوئی تھی ۔ اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی تاکہ شواہد کو ختم کر دیا جا سکے ۔ دریگاؤں تھانہ کی پولس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے صدر اسپتال سہسرام ​​بھیج دیا ہے ۔ لاش کی شناخت ابتک نہیں ہوسکی ہے اور شناخت کی تصدیق کیلئے قریبی تھانوں میں گمشدگی کی رپورٹس کی جانچ کی جارہی ہے ۔ صدر اسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی بتائی جا سکیگی ۔ صدر ڈی ایس پی فاریسٹ دلیپ کمار نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ قتل کا معاملہ ہے ۔ ایف ایس ایل کی ٹیم کو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے بلایا گیا اور یہ بھی بتایا کہ فرانزک ٹیم کی ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ لاش کو جلایا نہیں گیا بلکہ تین سے چار دن بعد کی یہ صورتحال ہے ۔ ڈی ایس پی کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد صدر اسپتال کے سرد خانے میں رکھوایا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے ۔