تاثیر 23 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 23 مارچ : مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں اتوار کی دیر رات ایک حساس واقعہ سامنے آیا، جب تلیا تھانہ علاقے میں کالی مندر کے باہر ایک سفید بوری میں مویشیوں کے باقیات برآمد ہوئے، جس سے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہندو تنظیموں کے کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے مین سڑک بلاک کر دی۔
احتجاج کر رہے ہندو تنظیم جئے ماں بھوانی کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ بوری میں ایک گائے کی باقیات ہیں اور اس کی گردن کٹی ہوئی تھی، جس سے گائے کے ذبیحہ کا شبہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج کے باعث ٹریفک میں خلل پڑا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ افسران نے مظاہرین کو سمجھایا اور یقین دلایا کہ معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کی جائے گی اور جلد ہی ملزمان کی نشاندہی کرکے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ ان یقین دہانیوں کے بعد احتجاج ختم ہوا اور ٹریفک بحال ہو گئی۔ بھانو ہندو کی شکایت پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ بوری کس نے رکھی اور اس واقعہ کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔

