تاثیر 23 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ 23 مارچ:۔وزیر اعلی نتیش کمار نے آج سمردھی یاترا کے دوران ارول ضلع کے تحت بیلکھرا کے گورنمنٹ میڈیکل کالج احاطہ میں منعقد جن سمواد پروگرام میں شامل ہوئے۔ جن سمواد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ سب یہاں بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ میں آپ سب کو خوش آمدید کہتاہوں۔ آپ سب جانتے ہیں کہ بہار میں پہلی بار 24 نومبر 2005 کو این ڈی اے کی حکومت بنی تھی، تب سے ریاست میں قانون کی حکمرانی ہے اور ہم بہار کی ترقی میں لگاتار مصروف ہیں۔بہار کی حالت بہت خراب تھی۔ لوگ شام کے بعد گھر وںسے باہر نہیں نکلتے تھے۔ سماج میں تنازعہ ہو تا تھا ،ہندو مسلم جھگڑا ہوتا تھا ،پڑھائی کی کیا حالت بہت خراب تھی۔ بہت کم بچے پڑھتے تھے۔پہلے علاج کا بھی مکمل انتظام نہیں تھا۔ سڑکیں بہت کم تھیں اور جو تھیں ان کا بہت برا حال تھا ۔بجلی بہت کم جگہوں پر تھی ۔ اب کسی بھی طرح کے خوف اور دہشت کا کوئی ماحول نہیں ہے۔ریاست میں محبت ،بھائی چارہ اور امن کا ماحول ہے۔پہلے کتنا ہندو مسلم تنازعہ ہوتا تھا، اس لئے سال 2006سے ہی، قبرستانوں کی گھیرا بندی شروع کی گئی ہے۔ بڑے پیمانے پر قبرستانوں کی گھیرا بندی کی جا چکی ہے۔اب کوئی تنازعہ نہیں ہو تا ہے ۔

