تاثیر 08 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد، 08 مارچ:دیہاتوں میں اب ترقیاتی کاموں سے زیادہ بندروں کی پنچایتیں سرخیوں میں ہیں۔ انتخابات کے دوران بندروں کے عذاب سے نجات دلانے کا وعدہ کرنے والے سرپنچوں کے لئے اب یہی وعدہ گلے کی ہڈی اوردرد سربن گیا ہے۔ بندروں کے حملوں سے پریشان عوام کے دباؤ کے بعد، سرپنچ اب اپنے ذاتی خرچ پر بندرپکڑنے والی ٹیموں کو بلا رہے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ جب ایک گاؤں سے بندر پکڑ کر قریبی جنگلات یا پہاڑیوں پر چھوڑے جاتے ہیں، تو وہ دوبارہ قریبی بستیوں کا رخ کر لیتے ہیں جس سے دیہاتوں کے درمیان نئے تنازعات جنم لے رہے ہیں۔
تلنگانہ کے ہنمکنڈہ ضلع کے بھیم دیورا پلی منڈل کے مختلف علاقوں سے پکڑے گئے بندروں کو جب مقامی بوڈ یڈا گٹہ پر چھوڑا گیا تو ان سب نے بھیم دیورا پلی میجر گرام پنچایت پردھاوا بول دیا۔ یہاں بندروں کی دہشت اس قدر بڑھ گئی کہ سرپنچ کمار سوامی کو خصوصی ٹیمیں بلانی پڑیں۔ اب تک تقریباً 400 بندر پکڑ کر پنجروں میں بند کئے گئے ہیں جنہیں دور دراز کے گھنے جنگلات میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ بندروں کے ان غول نے دیہاتیوں کی نیند حرام کر دی ہے۔

