تاثیر 31 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ (سالک کوثر امام):
سہرسہ کے نیا بازار میں سراہی موڑ کے قریب واقع ایک کرائے کے مکان میں رہنے والے ضلع دیہی ترقیاتی ایجنسی (ڈی آر ڈی اے) کے ڈائریکٹر ویبھو کمار کے گھر پر منگل کی صبح تقریباً 7 بجے اقتصادی جرائم یونٹ (ای او یو) نے چھاپہ مارا، جو دوپہر 3:30 بجے تک جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق ویبھو کمار پر 2 کروڑ 41 لاکھ 14 ہزار روپے کے غیر متناسب اثاثے جمع کرنے کا الزام ہے، جو ان کی جائز آمدنی سے تقریباً 78.03 فیصد زیادہ بتائے جا رہے ہیں۔
ای او یو کی مختلف ٹیمیں سہرسہ اور مظفرپور سمیت کل 6 مقامات پر بیک وقت چھاپہ ماری کر رہی ہیں۔ ان مقامات میں ان کا آبائی گھر، دفاتر اور دیگر جائیدادیں شامل ہیں۔
چھاپے کے دوران ٹیم کو زمین سے متعلق بڑی تعداد میں اہم دستاویزات ہاتھ لگے ہیں۔ ابتدائی جانچ میں تقریباً 18 سے 20 زمینوں کا انکشاف ہوا ہے، جو بڑے پیمانے پر جائیداد بنانے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 29 گرام سونا بھی برآمد کیا گیا ہے، جس کی مالیت لگ بھگ 5 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، تاہم کسی قسم کی نقد رقم برآمد نہیں ہوئی۔
تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ویبھو کمار کے نام پر نصف درجن سے زائد بینک اکاؤنٹس موجود ہیں۔
فی الحال ای او یو کی ٹیم ضبط شدہ دستاویزات کی باریکی سے جانچ کر رہی ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

