تاثیر 08 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 08 مارچ: کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ نے مرکزی حکومت پر ریاست کے کسانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر باسمتی کو جلد جی آئی ٹیگ نہیں دیا گیا تو وہ بھوک ہڑتال کا راستہ اپنائیں گے۔
کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ اتوار کو بھوپال میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ پنچمی کے دن عام طور پر خطاب نہیں ہوتا، لیکن آج آپ کو اس لیے بلایا کیونکہ مدھیہ پردیش کے کسانوں کے ساتھ طویل عرصے سے امتیازی سلوک ہو رہا ہے۔ میں نے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ریاست میں پیدا ہونے والے دھان کو اپیڈا جی آئی ٹیگ نہیں دے رہا ہے۔ اگر مرکزی حکومت مدھیہ پردیش کی باسمتی کو جی آئی ٹیگ نہیں دلوا پاتی ہے تو وہ بھوک ہڑتال کریں گے۔
دگ وجے سنگھ کے مطابق ریاست میں 1 لاکھ سے زائد کسان باسمتی دھان کی کاشت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ سمیت کئی ملکوں میں باسمتی چاول تقریباً 300 روپے فی کلو کے بھاؤ سے بک رہا ہے، جبکہ مدھیہ پردیش کے کسانوں کو اس کے لیے صرف 35 سے 40 روپے فی کلو ہی مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کا علاقہ بھی باسمتی پیدا کرنے والے کسانوں کا بڑا علاقہ ہے، لیکن اس کے باوجود کسانوں کو مناسب فائدہ نہیں مل پا رہا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر جی آئی ٹیگ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

