اساتذہ کو ڈیجیٹل دور کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کی جانب ڈائیٹ ، گیا کا ایک اہم قدم
گیا جی، 18 مارچ ( پی آر ) ضلع تعلیمی و تربیتی ادارہ (ڈائیٹ)، گیا میں منعقد بہارکا پہلا دو روزہ ورکشاپ ’’آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹولز فار ٹیچرز: ٹرانسفارمنگ ٹیچنگ اینڈ لرننگ ان سکول ایجوکیشن‘‘ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد ضلع کے مختلف اسکولوں کے اساتذہ کو مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے متعارف کرانا اور تعلیمی عمل کو جدید، تخلیقی اور طالب علم موافق بنانا تھا۔
ورکشاپ کا آغاز 16 مارچ کو ہوا۔اس موقع سے ڈائیٹ، گیا کے پرنسپل ڈاکٹر اجے کمار شکلا نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اے آئی تعلیم کے میدان میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اساتذہ کو نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ رہنا ضروری ہے تاکہ تدریس کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ سینئر لیکچرر ڈاکٹر گنیش پرساد ساؤ نے اے آئی کی انسانی زندگی کے مختلف شعبوں میں افادیت پر روشنی ڈالی اور اس کے متوازن استعمال کی تلقین کی۔ پہلے دن ماہر تعلیم ڈاکٹر منیش کمار جیسوال (آئی ٹی ایم یونیورسٹی، گوالیار) نے اے آئی کے بنیادی اصولوں اور تدریس میں اس کے عملی استعمال کی تربیت دی۔ اساتذہ کو اے آئی ٹولز کے ذریعے لیسن پلان، پریزنٹیشن، تعلیمی مواد، سوالیہ پرچے اور کوئز تیار کرنے کی عملی مشق کرائی گئی۔ ڈیٹا سیکیورٹی، حقائق کی تصدیق اور اے آئی کے اخلاقی استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

ورکشاپ کے کل دوسرے اور آخری دن، اے آئی ٹولز کے عملی اطلاق پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے خود اے آئی پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہوئے لیسن پلان تیار کیے، مواد کو سادہ زبان میں تبدیل کیا، موضوع سے متعلق تصاویر اور انفوگرافکس بنائے اور طلبہ کے لئےدلچسپ سرگرمیاں ڈیزائن کیں۔
ڈاکٹر منیش کمار جیسوال نے کہا کہ اے آئی محض تکنیکی سہولت نہیں بلکہ تعلیم کو ذاتی نوعیت کا، تخلیقی اور تعاون پر مبنی بنانے کا ذریعہ ہے۔اختتامی سیشن میں ڈاکٹر اجے کمار شکلا نے کہا کہ اے آئی جیسے جدید آلات اساتذہ کے کام کو آسان بنانے کے ساتھ طلبہ کے سیکھنے کے تجربے کو بھی بہتر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ حاصل کردہ علم کو اپنے اسکولوں میں نافذ کریں اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑیں۔ منتظمہ سنیتا کماری نے بتایا کہ یہ پروگرام اساتذہ کو ڈیجیٹل دور کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔
شرکاء اساتذہ نے ورکشاپ کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں اے آئی کی نئی جہت ملی اور تعلیم کو مزید دلچسپ بنانے کا اعتماد حاصل ہوا۔ آخر میں شرکاء کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے اور مستقبل میں اس طرح کے مزید پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

