آشا اور گروپ پروموٹرز کے پانچ ماہ کے واجبات زیر التوا، احتجاج کی دھمکی

تاثیر 09 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امراوتی، 09 مارچ : قومی ہیلتھ مشن کے تحت ضلع میں خدمات انجام دینے والی آشا اور گروپ پروموٹرز کے گزشتہ پانچ ماہ کے اعزازیہ کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ملازمین میں شدید ناراضی پائی جا رہی ہے۔ اس مسئلے کو لے کر مہاراشٹر ریاست صحت محکمہ آشا و گروپ پروموٹرز یونین، آئیٹک امراوتی کی جانب سے ضلع صحت افسر کو یادداشت پیش کر کے بقایا رقم فوری ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تنظیم کے ضلع سکریٹری پرفل دیشمکھ نے بتایا کہ آشا اور گروپ پروموٹرز کئی برسوں سے دیہی علاقوں اور پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں ویکسینیشن، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت اور مختلف سرکاری اسکیموں کی تشہیر کے لیے سرگرمی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تاہم مرکزی حکومت کی جانب سے گزشتہ پانچ ماہ کا اعزازیہ ادا نہ ہونے کی وجہ سے ان کے خاندانوں کے معاشی مسائل بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضروری اخراجات پورے کرنا، بچوں کی تعلیم جاری رکھنا اور گھریلو ضروریات پوری کرنا اب مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اس لیے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آشا اور گروپ پروموٹرز کے گزشتہ پانچ ماہ کے بقایا اعزازیہ کو فوری طور پر یکمشت ادا کیا جائے اور آئندہ ہر ماہ مقررہ تاریخ پر باقاعدگی سے ادائیگی کی جائے۔تنظیم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تمام قسم کے مراعاتی معاوضے فوری ادا کیے جائیں اور ٹیم بیس معاوضہ 1000 روپے کے حساب سے دیا جائے۔ اس کے علاوہ بغیر معاوضہ کے کام آشا اور گروپ پروموٹرز پر نہ تھوپے جائیں، انہیں باعزت سلوک دیا جائے اور آن لائن کام کی لازمی شرط بھی ختم کی جائے۔