تاثیر 06 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 6 مارچ : محض 23 سال کی عمر میں، رتوجا داداسو پسال ہندوستانی سینئر خواتین کی ہاکی ٹیم میںمستقل کھلاڑی بن چکی ہیں۔ مڈفیلڈ میں اپنی مضبوطموجودگی کے لیے مشہور،رتوجا کو حیدرآباد، تلنگانہ میں ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ 8 سے 14 مارچ تک کھیلا جائے گا۔
رتوجا، جو مہاراشٹر کے ستارہ ضلع کے ایک چھوٹے سے قصبے پھلٹن سے تعلق رکھتی ہیں، کا ہاکی کا سفر کچھ مختلف رہا۔
انہوں نے ہاکی انڈیا کے حوالے سے کہا’’ہاکی سے پہلے، ہم اسکول میں کھو کھو کھیلتے تھے۔ مہاراشٹر میں یہ کھیل کافی مقبول ہے۔ ہمارے اساتذہ نے دیکھا کہ ہما ری دوڑ اچھی ہے اور اسٹیمنا بھی اچھا ہے ، اس لیے انہوں نے ہمیں ہاکی کھیلنے کی ترغیب دی۔ یہیں سے میرا ہاکی کا سفر شروع ہوا‘‘۔
رتوجا نے آگے کہا’’میں نے تقریباً 12 سال کی عمر میں ہاکی کھیلنا شروع کیا ۔پونے میں اپنی اکیڈمی میں داخلے کے لیے مجھے فٹنس اور اینڈیورینس کا ٹیسٹ دینا پڑا تھا۔ میں نے وہ ٹیسٹ پاس کیااور وہاں سے میرے ہاکی کیریئر کا آغاز ہوا۔‘‘
ایک ایسے گاؤں سے آنے والے رتوجا کے لئے یہ سفر آسان نہیں تھا، جہاں لڑکیوں کا کھیلوں میں آگے آنا عام بات نہیں تھی۔
انہوں نے کہا، ’’میرے گاؤں میں لڑکیوں کا ہاکی کھیلنا عام بات نہیں تھی۔ اس وقت، خاندان اس بارے میں تذبذب کا شکار تھے کہ بچوں کو کھیلنے کے لیے باہر بھیجنا چاہیے یا نہیں۔ لیکن گاؤں کے ایک کوچ نے ہمارا ساتھ دیا اور ہمیں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔‘‘

