تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گزشتہ جمعہ(6 مارچ ( کو یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے سول سروسز امتحان 2025 کے حتمی نتائج جاری کیے۔ نتائج جاری ہوتے ہی پورے ملک میں خوشیوں اور نئی امیدوں کی لہر دوڑ گئی ۔ کل 958 امیدواروں نے اس انتہائی مشکل امتحان میں کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ان میں 53 مسلم نوجوان شامل ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے 26 کامیاب امیدواروں کے مقابلے دوگنی سے بھی زیادہ ہے ۔ظاہر ہے، یہ خاطر خواہ بڑھا ہوا تناسب مسلم کمیونٹی میں تعلیمی شعور اور خود اعتمادی کے بڑھتے رجحان کی واضح علامت ہے۔ ٹاپ 100 میں چار مسلم امیدواروں نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ اے آر راجہ محی الدین (رینک 7)، افرا شمس انصاری (رینک 24)، نبیہ پرویز (رینک 29) اور حسن خان (رینک 95)۔ یہ کارنامہ محض انفرادی کامیابی نہیں، بلکہ ایک اجتماعی تبدیلی کی شروعات ہے، جو احساس کمتری کے دائرے سے نکل کر قومی سطح پر شرکت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
یہ نتائج بتاتے ہیں کہ بھارت کے مسلمان اب مایوسی اور پسماندگی کے بوجھ سے آزاد ہو کر اعلیٰ تعلیم اور سرکاری خدمات کی طرف گامزن ہیں۔ سول سروسز جیسا باوقار امتحان، جو آئی اے ایس، آئی پی ایس اور آئی ایف ایس سمیت مرکزی خدمات کے دروازے کھولتا ہے۔ اب مسلم نوجوانوں کے لئے یہ خواب نہیں بلکہ قابل حصول حقیقت بن چکا ہے۔ یہ کامیابی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ محنت، مستقل مزاجی اور صحیح سمت کی رہنمائی سے کوئی بھی رکاوٹ عبور کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ دہائیوں میں مسلم کمیونٹی کو تعلیم اور روزگار میں کم نمائندگی ملی ، سماجی اور معاشی چیلنجز نے بہت سے نوجوانوں کو حوصلہ شکن کیا، لیکن اس بار کے رزلٹ ان تمام منفی تاثرات کو یکا یک مسترد کر دیا ہے۔ تقریباً 5.53 فیصد مسلم امیدواروں کی کامیابی (958 میں سے 53) ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔مانا جا رہا ہے کہ اگر یہ رجحان جاری رہا تو اگلے چند سالوں میں یہ تناسب 8-10 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، جو قومی سطح پر مسلم نمائندگی کو مزید متوازن بنائے گا۔
بلا شبہ اس شاندار کامیابی کے پیچھے ان نوجوانوں کی لگن کے علاوہ ان کے خاندانوں، اساتذہ، دوستوں اور کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کا بڑا ہاتھ ہے۔ کئی امیدواروں نے مالی تنگی، محدود وسائل، دور دراز علاقوں سے تعلق اور سماجی دباؤ کے باوجود یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ اے آر راجہ محی الدین کی ساتویں رینک یہ ثابت کرتی ہے کہ ٹاپ رینکس مسلم نوجوانوں کی پہنچ میں ہیں۔ اسی طرح افرا شمس انصاری (رینک 24)، نبیہ پرویز (رینک 29) اور حسن خان (رینک 95) کی کامیابی بھی بہت کچھ بیان کر رہی ہے۔دوسری جانب افرا شمس انصاری، نبیہ پرویز اور دیگر خواتین کی کامیابی یہ پیغام دیتی ہے کہ مسلم لڑکیاں نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکتی ہیں بلکہ اعلیٰ درجے کی سرکاری خدمات میں بھی قیادت کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ یہ خواتین روایتی رکاوٹوں کو توڑ کر نئی نسل کے لئےمشعل راہ بن رہی ہیں۔
اب سب سے اہم مرحلہ یہ ہے کہ ملی اور رفاہی ادارے، مدارس، مساجدکے مجالس منتظمہ ، این جی اوز اور مسلم رہنما اس مثبت رجحان کو مزید تقویت دیں۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، انتظامی علوم، قانون اور سول سروسز کی تیاری کی طرف راغب کرنے کے لئے کم از کم بلاک سطح پر ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔معمولی فیس یا مفت کوچنگ کلاسز شروع کی جائیں، میرٹ سکالرشپس کا نظام بنایا جائے، آن لائن کورسز اور مطالعاتی مواد مہیا کیا جائے۔ کامیاب امیدواروں کی کہانیاں، انٹرویوز اور تجربات سوشل میڈیا، کمیونٹی میٹنگز اور مدرسوں میں شیئر کیے جائیں تاکہ دوسرے نوجوان بھی متاثر ہوں اور حوصلہ پائیں۔ظاہر ہے، احساس کمتری کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے مثبت سوچ، خود اعتمادی اور عملی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔
بہر حال، 2026 میں شائع یہ رزلٹ ایک سنہری موقع ہے کہ مسلم کمیونٹی اپنے بچوں کو قومی خدمات میں نمایاں مقام دلانے کے لئے منظم ہو۔ اگر ہر خاندان، ہر ادارہ اور ہر رہنما اسے اپنی ذمہ داری سمجھے تو جلد ہی مسلم نوجوانوں کی تعداد نہ صرف بڑھے گی بلکہ ٹاپ رینکس میں ان کی مستقل موجودگی معمول بن جائے گی۔ یہ کامیابی صرف 53 افراد کی نہیں، بلکہ پوری کمیونٹی کی اجتماعی کامیابی ہے، جو اب اعتماد، عزم اور یقین کامل کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
آئیے، اس مثبت رجحان کو ہر حال میں بر قرار رکھنے کے لئے نئی نسل کو اعلیٰ تعلیم، سخت محنت اور قومی خدمات کی طرف راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔یقین جانیں، ہمارے اسی کردار میں ملک کے مستقبل کے ساتھ ساتھ پوری کمیونٹی کا وقار مضمر ہے۔چنانچہ ان 53 ہیروز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد، جنھوں نے خود کامیابی تو حاصل کی ہی ہے ، آنے والے نوجوانوں کے لئے بھی راستہ ہموار کرکے انہیں یہ بتانے والے ہیں کہ آپ بھی آگے بڑھیں، کیوں کہ کامیابی آپ کا حق ہے!

