ہندو مسلم یکجہتی اور قومی اتحاد پر افطار دعوت کے ساتھ ہولی ملن پروگرام کا انعقاد

تاثیر 09 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 09/ مارچ (تاثیر بیورو) مشتاق احمد سوشیل ویلفیئر سوسائٹی اور ہیپی کلب کی جانب سے 6 مارچ کو ایک منفرد اور قابلِ ستائش پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں دعوتِ افطار کے ساتھ ہولی ملن تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ہندو مسلم اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجھتی کا نہایت خوبصورت پیغام دیا گیا۔
یہ پروگرام مسیئیور احمد کمال عرف ڈان بھائی اور سنجے گپتا کی مشترکہ کاوشوں سے منعقد کیا گیا، جس میں سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حاضرین نے ایک دوسرے کو ہولی اور رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے باہمی محبت، رواداری اور ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دیا۔
تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے تہواروں میں شریک ہوکر اتحاد اور یگانگت کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیے۔
شرکاء نے مشتاق احمد سوشیل ویلفیئر سوسائٹی اور ہیپی کلب کی اس پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اس طرح کی تقریبات معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر سبھی مہمانوں نے مل جل کر افطار کیا اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشی و مسرت کے لمحات بانٹے۔