میرے پاس ایران کی قیادت کیلئے تین نہایت موزوں امیدوار ہیں : ٹرمپ کا دعویٰ

تاثیر 02 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،02مارچ:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے ساتھ مل کر کیے گئے غیر معمولی حملوں کے بعد، ان کے پاس تہران کی نئی قیادت کے لیے تین موزوں امیدواروں کی فہرست موجود ہے۔ انہوں نے اتوار کے روز امریکی اخبار “نیویارک ٹائمز” سے گفتگو میں کہا کہ وہ فی الحال ان ناموں کا اعلان نہیں کریں گے بلکہ پہلے اپنا مشن مکمل کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فوجی آپریشن کو امریکہ کی طویل مدتی سلامتی کے لیے نا گزیر قرار دیا اور ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجیوں کا بدلہ لینے کا عہد کیا۔ فلوریڈا سے وڈیو خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ آپریشن کے اختتام تک مزید جانی نقصان ہو سکتا ہے، لیکن امریکہ ان دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دے گا جنہوں نے انسانی تہذیب کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔