کیریئر اڈا میں دعوتِ افطار کا اہتمام، بڑی تعداد میں لوگ شریک

تاثیر 09 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کٹہار (عمر مرشد) 09 مارچ :مقدس ماہِ رمضان کے مبارک موقع پر باہمی بھائی چارہ اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مقصد سے رامپارہ روڈ، کٹہار میں واقع کیریئر اڈا انسٹی ٹیوٹ میں دعوتِ افطار کا شاندار اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں روزہ داروں اور معزز شخصیات نے شرکت کی اور اجتماعی طور پر روزہ افطار کیا۔
اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر انجینئر سالک صفت نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر، تقویٰ اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کو اپنے اندر اصلاح پیدا کرنے، دوسروں کی تکلیف کو محسوس کرنے اور معاشرے میں باہمی بھائی چارہ قائم کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں محبت اور اتحاد کے ماحول کو مضبوط بناتے ہیں۔
اس دعوتِ افطار میں اطراف و اکناف کے محلوں سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
اس پروگرام میں ڈائریکٹر انجینئر سالک صفت، انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ آخف حیات، گووندہ کمار، محمد مبین، محمد نواز، سنتوش سنگھ اور انور عالم کے علاوہ کئی انجینئر، ڈاکٹر، اساتذہ اور سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ اس کے علاوہ ایس آئی او کٹہار سے محمد آفتاب، حافظ زیشان غنی، آفتاب شیخ، محمد شکیل، شیان فاروقی اور محمد فیض بھی شریک ہوئے۔