امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کا اثر، ایل پی جی گیس کی قلت

تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مشرقی سنگھ بھوم، 11 مارچ:امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے اثرات اب مشرقی سنگھ بھوم (جمشید پور) میں محسوس ہو رہے ہیں۔ بین الاقوامی صورتحال کے درمیان شہر میں کھانا پکانے والی گیس کی فراہمی کے حوالے سے لوگوں کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے۔ بہت سے صارفین کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈروں کی بکنگ میں مشکلات آر ہی ہیں جبکہ بلیک مارکیٹنگ کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔ جس سے عام لوگوں کے باورچی خانے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں اور لوگ کافی پریشان ہیں۔
شہر کے جگسلائی علاقے میں واقع کابرا گیس ایجنسی میں بدھ کے روز صارفین کی بڑی تعداد نے گیس کی بکنگ اور سلنڈر کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے پہنچی۔ ایجنسی کے باہر لوگوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ بکنگ کرانے پہنچی آشا پانڈے اور سنت بہرا سمیت کئی صارفین نے بتایا کہ وہ پچھلے تین چار دنوں سے آن لائن گیس بک کرنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن بار بار کوشش کے باوجود بکنگ نہیں ہو سکی ۔ نتیجتاً، وہ براہ راست ایجنسی جانے پر مجبور ہوئے۔