تاثیر 13 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی/تہران، 13 مارچ :ہندوستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعہ کو میٹنگ کی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی شب ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ایک اور بات چیت ہوئی۔ دو طرفہ امور کے ساتھ ساتھ برکس سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ عراقچی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب جے شنکر کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے مبینہ جارحانہ اقدامات اور ان کے علاقائی اور عالمی استحکام پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔عراقچی نے کہا کہ ایرانی حکومت، عوام اور مسلح افواج حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا جائز حق استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کو ایران کے خلاف فوجی جارحیت کی مذمت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

