تاثیر 30 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران، 29 مارچ۔ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج فارس میں واقع متحدہ عرب امارات اور بحرین میں امریکی فوجی اور ایرو اسپیس صنعتوں سے منسلک دو صنعتی کارخانوں کو نشانہ بنایا۔ آئی آر جی سی کے مطابق، یہ کارروائی میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے امریکی اسرائیلی حملے کے جواب میں کی گئی۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے آئی آر جی سی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کی فورسز نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بحرین میں امریکی فوج اور ایرو اسپیس صنعتوں سے منسلک دو صنعتی کارخانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
آئی آر جی سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خلیج فارس کی جنوبی ساحلی ریاستوں کے صنعتی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے والے امریکہ اور اسرائیل کے بدنیتی پر مبنی اقدامات کے بعد آئی آر جی سی ایرو اسپیس فورس اور بحری جنگجوو¿ں نے ایک ہائبرڈ اور ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ انہوں نے خطے میں امریکی فوج اور ایرو اسپیس صنعتوں سے منسلک دو فیکٹریوں کو نشانہ بنایا- متحدہ عرب امارات میں ایمریٹس ایلومینیم (ایمل) فیکٹری اور بحرین میں ایلومینیم بحرین (البا) فیکٹری۔
ایمل فیکٹری میں دنیا کی سب سے لمبی ایلومینیم پیداواری لائن ہے، جس کی پیداواری صلاحیت 1.3 ملین ٹن ہے۔ دریں اثنا، امریکی کمپنیوں کی البا ایلومینیم فیکٹری میں سرمایہ کاری اور حصص ہیں، جو امریکہ کی فوجی صنعتوں کے لیے سامان تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

