ایران نے سری لنکا سے امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے 90 افراد کی لاشیں حوالے کرنے کی درخواست کی

 

تاثیر 05 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولمبو، 5 مارچ :۔ایران نے سری لنکا سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے جنگی جہاز ایرس دینا پر امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ملاحوں کی لاشیں تدفین کے لیے حوالے کرے۔ جنگی جہاز پر 180 ایرانی ملاح سوار تھے۔ امریکی آبدوز نے سری لنکا کے ساحل کے قریب ایرانی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا اور اسے ڈبو دیا۔ امدادی کارروائیوں کی قیادت کرنے والے سری لنکا نے کہا ہے کہ 90 لاشیں نکال لی گئی ہیں تاہم یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ دریں اثنا، ایک اور ایرانی جہاز کے سری لنکا میں ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور اس نے سری لنکا کی حکومت سے سری لنکا کے پانیوں میں لنگر انداز ہونے کی اجازت کی درخواست کی ہے۔

سری لنکا کے معروف اخبار ڈیلی مرر کے مطابق ایران نے سری لنکا کے قریب بحر ہند میں ایرانی بحری جہاز ایرس دینا پر امریکی آبدوز کے حملے میں ہلاک ہونے والے 90 ملاحوں کی میتیں تدفین کی درخواست کی ہے۔ تمام لاشیں اس وقت سری لنکا کے کاراپیٹیہ کے نیشنل اسپتال میں رکھی گئی ہیں۔

سری لنکا کے نائب وزیر صحت ہنساکا وجیمونی نے کہا کہ موجودہ فوجی صورتحال کی وجہ سے لاشوں کو ایران واپس بھیجنے کی درخواست پرفوری طور پرعمل نہیں کیاجا سکتا۔ سری لنکا پوسٹ مارٹم کے معیاری طریقہ کار اور مزید کارروائی کے لیے ایرانی حکام کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا میں اس وقت اتنی بڑی تعداد میں لاشوں کے لیے کولڈ اسٹوریج کی کافی گنجائش نہیں ہے، اور اس نے اضافی ریفریجریشن یونٹس کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے۔