ایران کی اوین جیل پر اسرائیلی حملہ جنگی جرم : اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم

تاثیر 17 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جنیوا، 17 مارچ :۔ اقوام متحدہ کی ایک آزاد تحقیقاتی ٹیم نے کہا ہے کہ 2025 میں ایران کی بدنامِ زمانہ اوین جیل پر کیا گیا اسرائیل کا فضائی حملہ جنگی جرم کے زمرے میں آ سکتا ہے۔ تحقیقاتی سربراہ نے ساتھ ہی وارننگ دی کہ حالیہ امریکہ-اسرائیل حملوں کے بعد ایران میں اندرونی جبر مزید بڑھ سکتا ہے۔ سارہ حسین نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر یہ ماننے کی کافی وجوہات ہیں کہ اسرائیل نے 2025 میں اوین جیل پر حملہ کر کے ایک شہری ڈھانچے کو نشانہ بنایا، جو جنگی جرم مانا جا سکتا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق جون 2025 میں تہران میں واقع اوین جیل پر ہوئے اس فضائی حملے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں کی تعداد تقریباً 80 تھی، جن میں ایک بچہ اور آٹھ خواتین بھی شامل تھیں۔ یہ نتیجہ متاثرین اور عینی شاہدین کے انٹرویوز، سیٹلائٹ تصاویر اور دیگر دستاویزات کی بنیاد پر نکالا گیا ہے۔

اوین جیل طویل عرصے سے سیاسی قیدیوں کو رکھنے کے لیے جانی جاتی ہے۔ حالیہ امریکہ-اسرائیل حملوں کے دوران بھی اس جیل کو نقصان پہنچنے کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس سے وہاں قید قیدیوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جیل میں ایک برطانوی جوڑے سمیت کئی غیر ملکی شہری بھی قید ہیں۔