تاثیر 19 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 19 مارچ : جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر ایک متحرک اور روشن مستقبل کی بھرپور صلایت رکھتا ہے اور مسلسل ترقی کے ذریعے ایک خوشحال مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وژن کی تکمیل کا انحصار نوجوان نسل پر ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے آبا و اجداد کی دانش سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے عزم و ہمت کے ساتھ جموں و کشمیر کو ملک کے ترقی یافتہ خطوں کی صف میں شامل کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔وہ جموں کے علاقے امفلہ میں کشمیری پنڈت سبھا کی جانب سے منعقدہ نوراتری کی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ماں شاریکا سے عوام کی صحت، خوشحالی اور بھلائی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران عقیدت مندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے امید ظاہر کی کہ نیا سال سب کے لیے نئی امید، خوشحالی اور روشن مستقبل کا پیغام لے کر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ماں درگا اور ماں شاریکا کی پوجا دراصل کائنات کی اصل قوت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہے۔

