تاثیر 25 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 25 مارچ: بہار کے بانکا لوک سبھا سیٹ سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رکن پارلیمنٹ گردھاری یادو کی لوک سبھا کی رکنیت خطرے میں پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔ جے ڈی یو نے ان کی رکنیت ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور سپول کے ایم پی دلیشور کامت نے لوک سبھا اسپیکر کو ایک درخواست پیش کی ہے جس میں گردھاری یادو کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پارٹی اسے نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا سخت اقدام قرار دے رہی ہے۔
دلیشور کامت نے کہا کہ گر دھاری یادو نے پارٹی کی آفیشل لائن سے ہٹ کر بیانات دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسمبلی انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سے اپنے بیٹے کے لیے ٹکٹ حاصل کیا اور اس کے لیے مہم چلائی، جسے پارٹی مخالف سرگرمی سمجھا جاتا ہے۔
مرکزی وزیر اور جے ڈی یو کے سینئر لیڈر للن سنگھ نے کہا کہ یہ درخواست پارلیمانی لیڈر نے پیش کی تھی اور اب پارٹی قیادت اور اسپیکر اس پر غور کریں گے۔ انہوں نے اس الزام کو بھی دہرایا کہ گر دھاری یادو نے اپنے بیٹے کو آر جے ڈی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑوایا تھا اور وہ خود مہم میں سرگرم عمل تھے۔
جے ڈی یو کے ایگزیکٹو صدر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے کمار جھا نے کہا کہ یہ پارٹی لائن کے خلاف بغاوت کی واضح کارروائی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گردھاری یادو کے بیٹے نے اسی حلقہ سے آر جے ڈی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا جہاں سے وہ خود بھی ایم پی ہیں۔

