جیتو پٹواری نے رکن اسمبلی ملہوترا معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو بتایا جمہوریت کی جیت

تاثیر 19 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 19 مارچ : مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے سپریم کورٹ کی جانب سے پیر کے روز وجے پور اسمبلی سیٹ سے کانگریس کے رکن اسمبلی مکیش ملہوترا کی رکنیت برقرار رکھنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سچائی، انصاف، جمہوریت اور آئین کی تاریخی جیت قرار دیا۔

جیتو پٹواری نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف ایک ممبر اسمبلی کی رکنیت برقرار رکھنے کا فیصلہ نہیں ہے، بلکہ عوام کے ووٹ اور جمہوری اقدار کے تحفظ کی علامت ہے۔ انہوں نے عدلیہ کے کردار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت ہو گیا کہ ملک میں آئین سب سے مقدم ہے اور سیاسی سازشوں کے آگے انصاف نہیں جھکتا۔

پی سی سی چیف پٹواری نے بی جے پی پر تیکھا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وجے پور میں عوامی مینڈیٹ کو متاثر کرنے کے لیے بی جے پی نے ہر ممکن کوشش کی، لیکن آخر کار سچائی کی جیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان ذہنیت کو کرارا جواب ہے جو جمہوریت اور آئین کے ساتھ کھلواڑ کرتی رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بی جے پی کی سیاسی سازشیں بے نقاب ہوئی ہوں۔ ماضی میں بھی ریاست میں عوامی نمائندوں کو ڈرانے اور دباو بنانے کی کوششیں سامنے آئی ہیں۔