ایل پی جی کا بحران اب پبلک ٹرانسپورٹ پر اثر انداز ہو رہا ہے ، آٹو کرایوں میں اضافے مسافر پریشان

تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 11 مارچ : کھانا پکانے والی گیس (ایل پی جی) کی قلت کا اثر اب صرف گھروں تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں سے آٹو رکشہ کے کرایوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ الزام ہے کہ حکومت کی اجازت کے بغیر کئی راستوں پر من مانی کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
مسافروں کے مطابق کئی راستوں پر کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے جن میں گڑیا-باروئی پور، سونار پور-گڑیا، باروئی پور-جولپیا اور باروئی پور-جنوبی باراسات سمیت کئی روٹس پر کرایہ پانچ سے دس روپے یا اس سے زیادہ کا اضافہ کر دیاگیا ہے۔ کرایوں میں اچانک اضافہ روزانہ مسافروں پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ پہلے وہ 15 سے 17 روپے کرایہ ادا کرتے تھے، اب ان سے 25 روپے تک کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔مخالفت کرنے پر ڈرائیور کہتے ہیں کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے ۔