مدھیہ پردیش میں پانچویں اور آٹھویں بورڈ کے امتحان کے نتائج کا اعلان، ہر بار کی طرح بیٹیاںآگے

تاثیر 25 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 25 مارچ: مدھیہ پردیش میں اسکول تعلیم ڈپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ پیٹرن امتحانات کا نتیجہ بدھ کو جاری کر دیا گیا۔ اس سال پانچویں کے 95.14 فیصد اور آٹھویں کے 93.83 فیصد بچے کامیاب ہوئے ہیں۔ ہر بار کی طرح دونوں جماعتوں میں لڑکوں کے مقابلے طالبات نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
صوبے کے وزیرِ اسکول تعلیم ادے پرتاپ سنگھ نے وزارت (ولبھ بھون) میں ایک پروگرام کے دوران بٹن دبا کر یہ نتائج اعلان کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سال دونوں جماعتوں کا رزلٹ اطمینان بخش رہا ہے اور پچھلے برسوں کے مقابلے معیار میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ پانچویں جماعت میں 95.14 فیصد اور آٹھویں جماعت میں 93.83 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ خاص بات یہ رہی کہ اس بار طالبات کی کارکردگی لڑکوں کے مقابلے بہتر رہی ہے اور دیہی علاقوں کے طلبہ نے بھی شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔وزیر ادے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ پانچویں جماعت میں 96.19 فیصد طالبات اور 94.15 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ وہیں آٹھویں جماعت میں 94.98 فیصد طالبات اور 92.74 فیصد طلبہ کامیاب رہے ہیں۔ یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ بیٹیاں تعلیم کے شعبے میں مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔پانچویں جماعت کے نتائج میں شہڈول ڈویڑن نے پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ اضلاع میں نرسنگھ پور اول رہا۔ اس کے علاوہ ڈنڈوری، بالا گھاٹ، جھابوا اور علی راج پور جیسے اضلاع بھی ٹاپ لسٹ میں شامل رہے۔ ا?ٹھویں جماعت میں اندور ڈویڑن نے بازی ماری اور اضلاع میں نرسنگھ پور سرفہرست رہا۔ علی راج پور، ڈنڈوری اور جھابوا جیسے اضلاع نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔