ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ممتا بنرجی نے ریلی کی کال دی

تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 7 مارچ : مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے گھریلو رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اتوار کو احتجاجی ریلی کی کال دی ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کے لیے مرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عام لوگوں اور متوسط طبقے پر اضافی بوجھ پڑے گا۔
ہفتہ کو کولکاتا کے ڈورینا کراسنگ پر ایک احتجاجی اسٹیج سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ عام خاندانوں کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس طرح کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کرنے کا لوگوں پر کیا اثر پڑے گا۔
مرکزی حکومت نے 14.2 کلوگرام گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کیا، جو جمعہ کی آدھی رات سے نافذ العمل ہے۔ اس سے قیمت 879 سے بڑھ کر 939 روپے ہو گئی۔ نئی قیمت کا اطلاق ہفتہ سے ہوا۔