میئر فرہاد حکیم اور ایم پی ندیم الحق سمیت معزز شخصیات کی شرکت

تاثیر 09 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مرحوم شوکت علی احمد کے خانوادے کی افطار تقریب
کولکاتا، 09/ مارچ (محمد نعیم): رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سابق صدر سولہ آنا قبرستان مرحوم شوکت علی احمد کے خانوادے کی جانب سے ایک باوقار اور روح پرور افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ یہ افطار پارٹی فخرالدین علی احمد اور شرف الدین علی احمد کی میزبانی میں مرحوم شوکت علی احمد کی رہائش گاہ، سولانا مسجد کے قریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر کولکاتا کے میئر جناب فرہاد حکیم مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ تقریب میں رکنِ پارلیمنٹ جناب ندیم الحق، علی پور پریزیڈنسی جیل کولکاتا کے سپرنٹنڈنٹ نوین کُجُر سمیت متعدد معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
افطار کے موقع پر مہمانوں نے رمضان المبارک کی روحانی برکتوں، بھائی چارے، سماجی ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ میزبانوں نے تمام معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ رمضان المبارک کا پیغام محبت، امن اور اخوت کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات میں ڈاکٹر سراج احمد، وحید علی ٹونی، عبدالسلام راج، فیروز خان، ظفر علی، منظور احمد، شکیل احمد، قمر بھائی اور عبدالقیوم انصاری قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کی مختلف سماجی، مذہبی اور عوامی شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔
افطار کے بعد مہمانوں کے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جہاں سبھی شرکاء نے ایک دوسرے کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی اور اس بابرکت موقع پر خیر سگالی اور بھائی چارے کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔