تاثیر 08 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 08 مارچ : رکن اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو نے اتوار کو سناسر کا دورہ کیا اور حالیہ آتشزدگی کے واقعہ میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔دورے کے دوران ایم ایل اے نے مین چوک سناسر سے قدیم ناگ مندر تک تقریباً ایک کلو میٹر طویل سڑک کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ منصوبہ پتنی ٹاپ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت تقریباً 2 کروڑ 72 لاکھ روپے کی منظور شدہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارجن سنگھ راجو نے کہا کہ اس سڑک کی بہتری سے علاقے میں رابطہ سڑکوں کا نظام مضبوط ہوگا اور سناسر کے تاریخی ناگ مندر آنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو بہتر سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے سناسر جیسے اہم سیاحتی مقامات میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی ناگزیر ہے۔دریں اثنا مقامی باشندوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی اور سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

