تاثیر 14 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 14 مارچ :جموں و کشمیر کے وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے بیلی چرنا سے سچیت گڑھ تک آبپاشی نہری نظام کا تفصیلی معائنہ کیا تاکہ جاری ڈی سلٹنگ (گاد نکالنے) کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ زرعی سیزن سے قبل آبپاشی کے نظام کی تیاری کا اندازہ لگایا جا سکے۔دورے کے دوران وزیر نے نہری نظام کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جن میں ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اور اہم سائفن شامل تھے، تاکہ ڈی سلٹنگ کے کاموں کی رفتار اور معیار کو پرکھا جا سکے۔ یہ معائنہ نہروں میں پانی چھوڑنے کے شیڈول سے قبل کیا گیا تاکہ آئندہ آبپاشی سیزن میں آخری سروں تک پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر گھارو رام بھگت، چیف انجینئر اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول منوج گپتا، ایس ڈی ایم آر ایس پورہ انورادھا ٹھاکر اور ضلع انتظامیہ و محکمہ آبپاشی کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
زرعی اور آبپاشی سیزن کے قریب آنے کے پیش نظر محکمہ اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول نے نہروں کی مکمل صفائی اور بحالی کے لیے تیاریوں کو تیز کر دیا ہے تاکہ پانی کا بہاؤ ہموار اور مؤثر طریقے سے جاری رہے اور کسانوں کو مناسب آبپاشی سہولت میسر آ سکے۔معائنہ کے دوران وزیر نے سینئر فیلڈ افسران کو ہدایت دی کہ ڈی سلٹنگ اور مرمتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ کسانوں کو آبپاشی کا پانی بلا رکاوٹ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سات دنوں کے اندر نہری نظام میں پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے اور اس سے پہلے تمام زیر التوا صفائی اور مرمت کے کام مکمل کرنا ضروری ہے۔

