گھر اور دکان سے 250 سے زائد بلیک مارکیٹنگ کی گھریلو گیس سلنڈر برآمد

تاثیر 13 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

 ارریہ، 13 مارچ : ضلع کے فاربس گنج میں ضلع انتظامیہ نے خفیہ اطلاع پر گذشتہ شب کارروائی کرتے ہوئے 250 سے زیادہ بھرے گھریلو گیس سلنڈر برآمد کئے۔ فاربس گنج پوکھر بستی وارڈ نمبر15 انصاری چوک کے قریب گھریلو گیس سلنڈروں کی بلیک مارکیٹنگ کا انکشاف انتظامیہ نے کیا۔ یہاں فاربس گنج کے ایس ڈی ایم ابھے کمار تیواری کی قیادت میں سب الیکشن آفیسر اویناش کرشنا نے فاربس گنج تھانہ کے ساتھ مل کر ایک گھر اور گودام سے 250 گھریلو گیس سلنڈر برآمد کیے۔چھاپے ماری کے دوران محمد عمران ولد محمد صابر کے گھر اور گودام سے 250 سے زائد گیس سلنڈر برآمد ہوئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام سلنڈر بلیک مارکیٹنگ کے مقصد سے غیر مجاز طریقے سے ذخیرہ کیے گئے تھے۔ تمام سلنڈروں کو موقع سے قبضے میں لے کر فاربس گنج تھانہ بھیج دیا گیا ہے۔ محمد عمران ولد محمد صابر کے خلاف ضروری اشیاء ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔موقع پر موجود ایس ڈی ایم ابھے کمار تیواری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور عوام کو یقین دلایا کہ ضلع میں گھریلو ایل پی جی گیس سلنڈر اور کمرشیل گیس سلنڈر کی کوئی کمی نہیں ہے۔ گیس کی ہموار دستیابی اور تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ اور سپلائی ڈیپارٹمنٹ گیس ایجنسیوں کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ اگر آپ کو کہیں بھی گیس سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ کی اطلاع ملے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں۔ایس ڈی ایم ابھے کمار تیواری نے کہا کہ معاملے کی جانچ کے ساتھ ساتھ غیر قانونی تجارت میں ملوث لوگوں کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام صارفین کے لیے کھانا پکانے والی گیس کی بلیک مارکیٹنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انتظامیہ کی اس کارروائی سے گیس سلنڈر کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کافی دنوں سے علاقے میں گیس سلنڈر کی مصنوعی قلت اور مہنگے داموں فروخت ہونے کی شکایات آرہی تھیں۔ امید ہے کہ انتظامیہ کے اس اقدام سے اس طرح کے غیر قانونی کاروبار پر روک لگ جائے گی۔ ہندوستھان سماچار