کمیشن لیتے ہوئے مکھیا رنگے ہاتھوں گرفتار، ڈُمرا کورٹ کے باہر نگرانی ٹیم کی بڑی کارروائی

تاثیر 10 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی ( مظفر عالم)
ضلع سیتامڑھی میں بدعنوانی کے خلاف نگرانی محکمہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مکھیا کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ڈُمرا کورٹ کے باہر اس وقت ہوئی جب رونی سید پور بلاک کے کؤڑیاں لال پور پنچایت کے مکھیا اوَدھیش ساہ 16 ہزار روپے بطور کمیشن لے رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق کسی سرکاری منصوبے سے متعلق کام کے بدلے کمیشن کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ شکایت ملنے کے بعد نگرانی ٹیم نے جال بچھایا اور جیسے ہی مکھیا نے رقم وصول کی، ٹیم نے موقع پر ہی انہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی ڈُمرا کورٹ احاطے میں افرا تفری مچ گئی اور لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ نگرانی ٹیم گرفتار مکھیا کو اپنے ساتھ لے کر مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے روانہ ہو گئی۔ اس کارروائی کے بعد ضلع میں کمیشن خوری کرنے والے کئی نمائندوں کے درمیان ہلچل مچ گئی ہے۔