این آئی اے نے ایک کیس کے سلسلے میں پونچھ میں چھاپے مارے

تاثیر 12 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 12 مارچ : قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں دہشت گردی کی ایک مبینہ سازش کے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں متعدد مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔ سرکاری حکام کے مطابق این آئی اے کی ٹیموں نے پونچھ کے محلہ کھورینار اور سرنکوٹ میں مختلف مقامات کی تلاشی لی۔ یہ کارروائیاں 2024 میں سرحدی ضلع پونچھ میں دو افراد سے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی سے متعلق دہشت گردی کی سازش کے کیس کے سلسلے میں کی گئیں۔حکام نے بتایا کہ اس کیس میں ایک پستول اور دو دستی بم برآمد ہوئے تھے، جس کے بعد این آئی اے نے تحقیقات شروع کی تھیں۔

این آئی اے اس معاملے میں پہلے ہی ملزمان عبدالعزیز اور منور حسین کے خلاف اپنے پاکستانی ہینڈلر نذیر حسین کے ساتھ گزشتہ سال اپریل میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کر چکی ہے۔ذرائع کے مطابق تازہ چھاپہ مار کارروائیوں کا مقصد کیس سے متعلق مزید شواہد جمع کرنا اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کے ممکنہ روابط کا پتہ لگانا ہے۔