پارٹی اراکین اسمبلی کی میٹنگ کے دوران جذباتی ہو گئےنتیش کمار، کہا۔ اب چھوڑ دیجیے، مجھے جانے دیجیے

تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،07،مارچ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے لیے پرچۂ نامزدگی داخل کیے جانے کے بعد جنتا دل یو دفتر میں 2 دنوں سے ہنگامہ برپا ہے۔ پارٹی کارکنان نے اس معاملہ میں اپنی شدید ناراضگی ظاہر کی ہے اور لگاتار نتیش کمار سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنا فیصلہ بدل لیں۔ پیدا حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی تھی۔ اس میٹنگ کے دوران وہ جذباتی ہو گئے اور کہا کہ ’’اب چھوڑ دیجیے، مجھے جانے دیجیے۔‘‘

وزیر اعلیٰ کی رہائش پر جنتا دل یو اراکین اسمبلی اور وزراء کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد جب سبھی لیڈران باہر نکلے تب اس بات کی جانکاری ان لوگوں نے میڈیا کو دی۔ ان لوگوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران کئی اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے فیصلہ پر اعتراض ظاہر کیا۔ ان کے اس فیصلہ کی سبھی لیڈران نے مخالفت کی۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ وہ راجیہ سبھا جا رہے ہیں، لیکن دہلی سے ہی بہار اور بہار کی سرگرمیوں پر ان کی نظر رہے گی، اس لیے اب جانے دیجیے۔ یہ کہتے ہوئے نتیش کمار جذباتی ہو گئے اور انھیں جذباتی دیکھ کر کئی اراکین اسمبلی بھی رو پڑے۔ سبھی نے ایک آواز میں ان سے اپنا فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی، لیکن وزیر اعلیٰ نے نم آنکھوں کے ساتھ کہا کہ ’’میں فیصلہ لے چکا ہوں، اس لیے آپ لوگ مجھے اب جانے دیجیے۔‘‘