تاثیر 02 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دبئی/عمان، 2 مارچ: مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان عمان میں سلطان قابوس بندرگاہ کے شمال مغرب میں واقع ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔ پیر کو ریموٹ کنٹرول کشتی کے ذریعے آئل ٹینکر پر حملے میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک ہو گیا ، جب کہ عملے کے دیگر ارکان کو بحفاظت بچا لیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹینکر تقریباً 59,463 میٹرک ٹن سامان لے کر جا رہا تھا۔ اس حملے سے جہاز کے مین انجن روم میں زبردست دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ حادثے کے بعد جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔
گلف نیوز اور ترکیے کی سرکاری انادولو ایجنسی کی رپورٹوں کے مطابق، عمانی میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر نے کہا کہ جمہوریہ مارشل جزائر کا جھنڈا لہرانے والے ایک آئل ٹینکر پر مسقط کے ساحل سے تقریباً 52 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ریموٹ کنٹرول کشتی سے حملہ کیا گیا، جس میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا۔
عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر کے ساتھ مل کر، جہاز کے عملے کے 21 ارکان کو جمہوریہ پناما کا جھنڈا بردار تجارتی جہاز ایم وی سینڈ کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا۔ عملے کے ارکان میں 16 ہندوستانی، چار بنگلہ دیشی اور ایک یوکرائنی شہری شامل تھا۔

