تاثیر 31 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 31 مارچ: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر میں نیشنل کانفرنس کے ہیڈکوارٹر سے سیکورٹی واپس لینے کے فیصلے پر شدید حیرت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب حال ہی میں پارٹی صدر فاروق عبداللہ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر کی سیکورٹی میں کمی نہیں بلکہ اسے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ ہفتے میں دو سے تین مرتبہ اس دفتر کا دورہ کرتے ہیں، اس کے باوجود سیکورٹی ہٹانا تشویشناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 11 مارچ کو فاروق عبداللہ پر ہونے والے حملے کے بعد اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے تھا، کیونکہ اس واقعے کو سبھی نے باعث تشویش قرار دیا تھا۔

