چوپڑا کالج میں مرحوم ماسٹر عبد الواحد مخلص پر یک روزہ قومی سیمینار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

تاثیر 30 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی/اسلامپور۔چوپڑا کالج، چوپڑا، ضلع اتر دیناج پور، مغربی بنگال میں مغربی بنگال اردو اکاڈمی کے مالی تعاون سے “مرحوم ماسٹر عبد الواحد مخلص: حیات و خدمات” کے عنوان پر منعقدہ یک روزہ قومی سیمینار بہ حسن و خوبی انتہائی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس علمی و ادبی تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت ڈاکٹر علیم الدین شاہ کی مرتب کردہ اہم کتاب “بنگالی ہندوؤں کی اردو خدمات” کی ڈاکٹر کفیل احمد نسیم، ڈاکٹر درخشاں زریں، ڈاکٹر سجاد عالم رضوی اور دیگر معزز مہمانوں کے ہاتھوں رسمِ رونمائی بھی رہی، جسے اہلِ علم نے بے حد سراہا۔
تقریب کا آغاز مدعو مقالہ نگاروں کی گل پوشی سے ہوا، جنہیں گلدستے پیش کرکے عزت و تکریم سے نوازا گیا۔ اس کے بعد مرحوم ماسٹر عبد الواحد مخلص کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جس میں نثار احمد نثار دیناج پوری، شہباز مظلوم پردیسی اور منا مشتاق نے اپنے کلام کے ذریعے مرحوم کی خدمات کو یاد کیا۔
افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر مدھو سودھن کرمکار (پرنسپل، چوپڑا کالج) اور ڈاکٹر سجاد عالم رضوی (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ تاریخ، پریسیڈنسی یونیورسٹی، کولکاتا) نے کلیدی خطبے پیش کیے۔ ڈاکٹر مدھو سودھن نے اپنے خطاب میں اردو زبان کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے خصوصاً ماسٹر عبد الواحد مخلص کی اردو کے فروغ کے لیے خدمات کو انگریزی زبان میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ جبکہ ڈاکٹر سجاد عالم رضوی نے اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی زبان کی ترقی ریاست، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے باشعور افراد کے باہمی اشتراک سے ممکن ہوتی ہے، اور یہی اصول اردو کے فروغ پر بھی صادق آتا ہے، جس کی جھلک مخلص مرحوم کی تحریروں میں نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
افتتاحی اجلاس کے بعد مقالہ خوانی کا پہلا علمی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر کفیل احمد نسیم (سنٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ، گیا، بہار) نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض سیمینار کے کنوینر ڈاکٹر محمد علیم الدین شاہ (صدر شعبۂ اردو، چوپڑا کالج) نے انجام دیے۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر عزیر احمد (اسلام پور کالج)، ڈاکٹر ہارون رشید (دال کولا کالج)، ماسٹر طارق عزیز علیگ، ڈاکٹر صالحہ پروین، جناب دل نواز انجم (مالک، شاہین پریس، کشن گنج)، ڈاکٹر اقلیمہ خاتون (عالیہ یونیورسٹی، آن لائن) اور ڈاکٹر شہنواز عالم (اسلام پور کالج) نے اپنے وقیع و بیش قیمت مقالات پیش کیے۔