تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد،11 مارچ : نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا نے تلنگانہ کے بجٹ برائے مالیاتی سال 2026-27 کو قطعیت دینے کیلئے محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے اور ہر محکمہ سے بجٹ تجاویز حاصل کی گئیں۔ اسمبلی کے بجٹ سیشن کا 16 مارچ کو آغاز ہورہا ہے اور توقع ہے کہ بھٹی وکرمارکا 20 مارچ کو بجٹ پیش کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کا بجٹ 3.20 لاکھ سے 3.25 لاکھ کروڑ کے درمیان رہے گا۔ بجٹ میں فلاحی اسکیمات کے علاوہ انفراسٹرکچر پروجیکٹس کو ترجیح دی جائے گی۔ بھٹی وکرمارکا بجٹ تجاویز کو قطعیت دینے کیلئے گزشتہ چند دنوں سے متواتر اجلاس طلب کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بھٹی وکرمارکا نے فلاحی اسکیمات کے بجٹ کے خرچ کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ بجٹ میں فلاحی اسکیمات اور6 ضمانتوں پر عمل آوری کے لئے مناسب فنڈس مختص کئے جائیں گے۔ جن محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے گئے ، ان میں صحت ، آبپاشی ، پنچایت راج ، ہوم ، ایجوکیشن، بلدی نظم و نسق، انفارمیشن ٹکنالوجی ، انڈسٹریز اورمختلف طبقات کے ویلفیر ڈپارٹمنٹس شامل ہیں۔

