ٹی20- فائنل کے لیے ریلوے کی خصوصی پہل، آج رات نئی دہلی سے سابرمتی کے لئے خصوصی ٹرین چلائی جائے گی

تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 7 مارچ : احمد آباد میں اتوار کو ہونے والے ٹی20- ورلڈ کپ کرکٹ فائنل کے پیش نظر، انڈین ریلویز نے شائقین کی سہولت کے لیے نئی دہلی اور سابرمتی کے درمیان ایک خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ہوائی جہاز کے کرایوں میں اضافے اور ٹکٹوں کی محدود دستیابی کے باعث کیا گیا، تاکہ میچ میں شرکت کرنے والوں کو سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریلوے حکام کے مطابق ،خصوصی ٹرین نمبر 04062 نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے ہفتہ کی رات 11 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوگی۔ ٹرین دہلی کینٹ، گروگرام اور جے پور جیسے بڑے اسٹیشنوں پر رکے گی اور اتوار کو دوپہر 2:30 بجے سابرمتی پہنچے گی۔ اس خصوصی ٹرین میں کل 19 ڈبے لگائے گئے ہیں۔ ان میں مسافروں کی سہولت کے لئے اے سی -3 اور اے سی -2 کلاس کوچز شامل ہیں، جو طویل فاصلے تک سفر کرنے والے زائرین کے لیے آرام دہ سفر کو یقینی بناتے ہیں۔