تاثیر 25 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ریاض،25مارچ:سعودی فضائی دفاع نے مشرقی علاقے کی جانب آنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو ناکام بنا دیا، جبکہ چند گھنٹوں کے دوران تقریباً 24 ڈرونز بھی تباہ کر دیے گئے۔یہ کارروائی مملکت کے خلاف حالیہ ایرانی حملوں کی ایک نئی لہر کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ایک ذمہ دار سعودی ذرائع نے ”العربیہ” سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اس سے قبل واضح کر چکے ہیں کہ ایران کی جارحیت کو رکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مملکت پہلے ہی اس بات کی تصدیق کر چکی ہے کہ وہ ایرانی جارحیت کو روکنے کے لیے سیاسی اور دیگر اقدامات کے ذریعے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔سعودی ذرائع نے مزید زور دیا کہ مملکت کے صبر کی بھی ایک حد ہے اور یہ بھی واضح کیا کہ ریاض اس سے قبل ان متعدد دعوؤں کی تردید کر چکا ہے کہ اس کی قیادت جنگ کو طول دینا چاہتی ہے۔

