تاثیر 09 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ, 09 مارچ : پیرس-سیکلے، فرانس کے اسکالر مسٹر میکسم اُدین سیلیور نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاریخِ طب پر مرکوز ایک علمی نشست کے دوران پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور اساتذہ سے تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر سیلیور نے ہندوستان میں طب کے تاریخی ارتقاء پر اپنی تحقیق پیش کی، خصوصاً آیوروید اور یونانی جیسے مقامی طبی نظاموں کے ارتقا اور تحفظ پر انھوں نے روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ نوآبادیاتی دور میں ان طبی نظاموں کے اسکالرز اور معالجین نے مغربی طب کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے باوجود روایتی طب کی شناخت اور اس کے ادارہ جاتی مقام کو محفوظ رکھنے کے لیے پیہم کوششیں کیں۔ نشست کے دوران آیوروید اور یونانی طب کے معالجین کے درمیان تعاون کو تشکیل دینے والے فکری، ثقافتی اور سماجی و سیاسی عوامل پر دلچسپ تبادلہ خیال ہوا۔ شرکا ء نے اس بات پر بھی غور کیا کہ معاصر صحت نظام میں روایتی طب کے کردار کو سمجھنے کے لیے تاریخی نقطہ نظر کس قدر اہمیت رکھتا ہے۔

