بیر بھوم میں پتھر کی کان دھنس گئی، دو مزدور ہلاک

تاثیر 16 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بیر بھوم، 16 مارچ : ضلع میں پیر کو پتھر کی کان دھنسنے سے دو مزدوروں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ مرارئی تھانہ علاقہ کے گوپال پور علاقہ میں پیش آیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق، جس کان میں حادثہ پیش آیا، اس کان کے مالک سراج الاسلام ہیں، جو بیربھوم ضلع کونسل کے ایگزیکٹیو ہیڈ ہیں۔ پیر کو کان میں کام جاری تھا کہ اچانک مٹی اور چٹانیں دب گئیں۔

مقامی لوگوں کی مدد سے کئی مزدوروں کو ملبے سے نکالا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ انتظامی ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں نلہاٹی کے علاقے میں بھی ایک کان میں ایسا ہی ایک حادثہ پیش آیا تھا جس میں پانچ مزدوروں کی موت ہو گئی تھی۔ پیر کے واقعے نے سیاسی بیان بازی کو جنم دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کان کے مالک اور ترنمول لیڈر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔